جوبلی ہلز میں کانگریس کی تائید کی اپیل، بی آر ایس اور بی جے پی کو عوام سبق سکھائیں گے
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے آج تلنگانہ جنا سمیتی کے دفتر پہنچ کر پارٹی سربراہ پروفیسر کودنڈا رام اور دیگر قائدین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں کانگریس امیدوار کی تائید کی اپیل کی گئی۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کانگریس امیدوار نوین یادو کی تائید کا یقین دلایا۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ جدوجہد میں پروفیسر کودنڈا رام کا غیر معمولی رول رہا اور علحدہ ریاست کے قیام میں ان کی نمایاں حصہ داری رہی۔ کودنڈا رام نے پوری دیانتداری اور سنجیدگی کے ساتھ تلنگانہ جدوجہد کو جاری رکھا۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں عوام کی خواہشات کے برخلاف حکمرانی کی گئی جبکہ عوام سے کئی وعدے کئے گئے تھے۔ بی آر ایس کی حکمرانی سے تلنگانہ کو نجات دلانے کیلئے 2023 میں متحدہ جدوجہد کی گئی اور عوام نے کانگریس کو اقتدار عطا کیا۔ ریاست میں سرکاری جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں حکومت نے پروفیسر کودنڈا رام سے ہمیشہ صلاح و مشورہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر حلیف جماعتوں کے ساتھ تلنگانہ جنا سمیتی سے جوبلی ہلز میں کانگریس امیدوار کی تائید کی اپیل کی گئی۔ کانگریس کے نوجوان امیدوار نوین یادو کو کامیاب بنانے کیلئے تلنگانہ جنا سمیتی سے تعاون کی خواہش کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی ، سی پی ایم اور مجلس نے پہلے ہی تائید کا اعلان کردیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے مرکزی وزیر بنڈی سنجے کمار کے بیانات پر سخت تنقید کی اور کہا کہ مرکزی وزارت پر فائز شخصیت کیلئے اس طرح کے بیانات زیب نہیں دیتے۔ بی جے پی فرقہ وارانہ اساس پر جوبلی ہلز میں انتخابی مہم چلانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز کے رائے دہندے بی جے پی اور بی آر ایس کو سبق سکھائیں گے ۔1