حیدرآباد ۔ یکم فروری(سیاست نیوز) وزیر قبائلی بہبود ڈی انوسویا سیتکا نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس حکومت نے تلنگانہ عوام بالخصوص پسماندہ علاقوں کی ترقی کو نظر انداز کردیا تھا ۔ منچریال میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سیتکا نے کہا کہ متحدہ عادل آباد ضلع گزشتہ 10 برسوں میں پسماندگی کا شکار رہا ۔ کے سی آر حکومت نے عادل آباد کے عوام کے ساتھ صرف وعدے کئے لیکن وعدوں پر عمل نہیں کیا گیا ۔ سیتکا نے اندراولی میں کل چیف منسٹر ریونت ریڈی کے دورہ کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس نے تلنگانہ تحریک کے جہد کار پروفیسر کودنڈا رام کو رکن کونسل بننے سے روکنے کی سازش کی ہے ۔ کانگریس نے پروفیسر کودنڈا رام کی خدمات کے اعتراف میں انہیں کونسل کا رکن نامزد کیا لیکن بی آر ایس قائدین برداشت نہیں کر رہے ہیں۔ عدالت کے ذریعہ حلف برداری روکنے کی کوشش کی گئی ۔ سیتکا نے کہا کہ اندراولی میں ہزاروں کی تعداد میں عوام چیف منسٹر کے جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ چیف منسٹر یادگار شہیدان پر خراج پیش کرتے ہوئے بھومی پوجا کریں گے ۔ حکومت کی جانب سے شہیدوں کے پسماندگان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس پارٹی تلنگانہ میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی اور 2 فروری کو انتخابی مہم کا آغاز ہوگا۔ 1