حیدرآباد ۔ 22جون ( سیاست ڈاٹ کام) وی ویو پروکبڈی کے ساتویں سیزن کا آغاز 20 جولائی کو گچی باؤلی میں حیدرآبادی ٹیم تلگو ٹائیٹنر بمقابلہ ممبئی سے ہوگا ۔ ساتویں سیزن میں ہر ایک ٹیم دوسری حریف ٹیم سے دو مقابلے کھیلے گی ۔ ہر مقابلے کا آغاز شام 7:30 بجے ہوگا لیکن اسٹار اسپورٹس نٹ ورک اورہاٹ اسٹار پر7بجے سے ہی راست نشریات کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ ٹورنمنٹ کا پہلا مقابلہ جہاں 20جولائی کو کھیلا جائے گا وہیں فائنل مقابلہ 19اکٹوبر 2019 کو ہوگا ۔ ٹیموں کے درمیان راؤنڈ رابن کی طرز پر لیگ مقابلے ہوں گے اور ٹورنمنٹ کی سرفہرست 6 ٹیمیں پلے آف میں رسائی حاصل کریں گے ۔ ہر شہر میں اس کی میزبان ٹیم کا پہلا مقابلہ ہفتہ کو کھیلا جائے گا جبکہ منگل کو ہر ٹیم کیلئے آرام کا دن ہوگا ۔ علاوہ ازیں میزبان ٹیم کے اپنے ہی شہر میں مقابلے ہفتہ ، اتوار ، چہارشنبہ اور جمعہ کو ہوں گے ۔ پروکبڈی کے ساتویں سیزن کا دوسرا مقابلہ دفاعی چمپئن بنگلور بلز اور تین مرتبہ کے سابق چمپئن پٹنہ پیاریٹس کے درمیان ہوگا ۔