پروین کمار کی سرگرمیوں پر حکومت کی نظر

   

ملاقات کرنے والوں کی تفصیلات کا انٹلیجنس کے ذریعہ حصول
حیدرآباد۔2 ۔اگست (سیاست نیوز) سابق آئی پی ایس عہدیدار آر ایس پروین کمار کی سیاسی سرگرمیوں پر حکومت کی جانب سے نظر رکھی جارہی ہے ۔ پروین کمار نے ملازمت سے رضاکارانہ سبکدوشی اختیار کرتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے ۔ وہ مختلف دلت تنظیموں کے قائدین سے مشاورت میں مصروف ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی ، کانگریس اور بعض دیگر جماعتوں نے پروین کمار سے ربط قائم کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کی پیشکش کی ہے۔ تاہم پروین کمار دلتوں کی خدمت کے جذبہ کے تحت بی ایس پی میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے انٹلیجنس اور ٹی آر ایس کے کارکنوں کے ذریعہ پروین کمار سے ملاقات کرنے والوں پر نظر رکھی جارہی ہے۔ پروین کمار نے متحدہ عادل آباد ضلع میں مختلف تنظیموں سے مشاورت کی ہے۔ انہوں نے عادل آباد میں غیر سرکاری تنظیموں کے دو اجلاسوں سے خطاب کیا تھا ۔ حکومت کے لئے موجودہ صورتحال میں دلتوں کے مسیحا کے طور پر کسی قائد کا ابھرنا تشویش کا باعث بن چکا ہے ۔ حضور آباد اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کے سلسلہ میں چیف منسٹر متحرک ہیں تاکہ دلتوں کی تائید حاصل کی جاسکے۔ اس حلقہ میں دلت رائے دہندوں کی اکثریت ہے ۔ سماجی بھلائی ، اقامتی اسکولوں کی سوسائٹی کے سکریٹری کی حیثیت سے پروین کمار نے دلتوں میں اپنی منفرد شناخت بنائی ہے۔ اطلاعات کے مطابق سرکاری ملازمین کی کثیر تعداد نے پروین کمار کے اجلاسوں میں شرکت کی تھی ۔ انٹلیجنس کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہے ۔ پروین کمار 8 اگست کو نلگنڈہ ضلع کے دورہ کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پروین کمار کے حامیوں کی جانب سے قائم کردہ واٹس ایپ گروپ میں انٹلیجنس کے عہدیدار کسی طرح شامل ہونے میں کامیاب ہوچکے ہیں جس کے ذریعہ وہ پروین کمار کی سرگرمیوں کے بارے میں بآسانی معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔