2 تا 6 اپریل تک متحدہ اضلاع کے ہیڈکوارٹرس پر بیروزگار مارچ کا اہتمام کرنے بنڈی سنجے کا اعلان
حیدرآباد ۔25 مارچ (سیاست نیوز) بی جے پی نے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے پرچوں کے افشاء کے خلاف اندرا پارک پر آج مہا دھرنا کا اہتمام کیا۔ تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے نے اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے وزارت سے مستعفی ہوجانے کا کے ٹی آر سے مطالبہ کیا۔ پرچوں کے افشاء کے خلاف بی جے پی پیر سے تمام یونیورسٹیز میں شعور بیداری کا اہتمام کرے گی۔ 2 تا 6 اپریل تک متحدہ 10 اضلاع ہیڈکوارٹرس پر ’’بیروزگاری مارچ‘‘ کا اہتمام کرے گی۔ احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے تلنگانہ حکومت پر 30 لاکھ نوجوانوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کرنے کا الزام عائد کیا۔ محنت سے تعلیم اور کوچنگ حاصل کرتے ہوئے لاکھوں طلبہ نے امتحانات تحریر کیا ہے۔ پرچوں کے افشاء اور امتحانات منسوخ کردینے سے طلبہ و نوجوانوں میں مایوسی پائی جاتی ہے۔ لہٰذا حکومت امتحان تحریر کرنے والے ہر امیدوار کو ایک لاکھ روپئے کا معاوضہ ادا کریں۔ پرچوں کے افشاء کے معاملے میں بی جے پی حکومت کو ہرگز معاف نہیں کرے گی بلکہ اپنے احتجاج میں مزید شدت پیدا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی ٹی کی تحقیقات پر بی جے پی کو ہرگز بھروسہ نہیں ہے۔ برسرخدمات جج کے ذریعہ تحقیقات کرانے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نعیم کے انکاؤنٹر، میاں پور اراضی اسکام کے علاوہ دیگر کئی معاملات کی ایس آئی ٹی کے ذریعہ تحقیقات کرائی گئی جس کی رپورٹ آج تک منظرعام پر نہیں آئی جس کی وجہ سے انہیں اور بی جے پی کو ایس آئی ٹی پر بھروسہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصلی خاطیوں کو پکڑنے کے بجائے معمولی افراد کو گرفتار کرتے ہوئے اس کیس سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بنڈی سنجے نے پرچوں کے افشاء سے متعلق پوچھ تاچھ کیلئے ریاستی وزیر کے ٹی آر کو نوٹس جاری کرنے کا ایس آئی ٹی کو چیلنج کیا۔ن