پرچہ جات کے افشاء معاملہ میں صدر جمہوریہ سے کانگریس کی نمائندگی

   

رجسٹرڈ پوسٹ سے یادداشت، این ایس یو آئی ریاستی صدر بی وینکٹ کا اقدام
حیدرآباد۔/26 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانی پرچہ جات کے افشاء معاملہ میں کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی کی جانب سے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو رجسٹرڈ پوسٹ کے ذریعہ یادداشت روانہ کی گئی۔ این ایس یو آئی کے ریاستی صدر بی وینکٹ نے عابڈز میں واقع جنرل پوسٹ آفس میں اعلیٰ عہدیدار کے ذریعہ یادداشت کو رجسٹرڈ پوسٹ کرایا۔ اس موقع پر این ایس یو آئی کے حیدرآباد صدر ابھیجیت یادو، ریاستی سکریٹری شریکر اور دوسرے موجود تھے۔ صدر جمہوریہ کو پرچہ جات کے افشاء سے لاکھوں طلبہ میں پھیلی بے چینی سے واقف کراتے ہوئے سی بی آئی یا برسرخدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کی ہدایت دینے کی درخواست کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کی جانب سے صدر جمہوریہ سے رجوع ہونے کیلئے مجبور ہوچکے ہیں کیونکہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن اور حکومت مسائل کے حل کیلئے تیار نہیں ہے۔ 30 لاکھ سے زائد بیروزگار نوجوانوں کا مستقبل تاریک ہوچکا ہے۔ صدرجمہوریہ کو بتایا گیاکہ پبلک سرویس کمیشن کے گروپ I اور 15 دیگر امتحانات کے پرچہ جات کا افشاء ہوا ہے۔ حکومت میں شامل افراد اس اسکام میں ملوث ہیں لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم سے انصاف ملنے کی امید نہیں ہے لہذا صدر جمہوریہ کو اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے سی بی آئی یا ہائی کورٹ کے برسرخدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کی ہدایت دینی چاہیئے۔ر