حیدرآباد۔/22 فروری، ( سیاست نیوز) قومی سطح پر تیسرے محاذ کی تیاریوں میں مصروف چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے فلم اسٹار پرکاش راج کو اہم ذمہ داری دی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ انہیں راجیہ سبھا کی نشست کا پیشکش کیا گیا ہے۔ مختلف سیاسی جماعتوں اور قائدین سے پرکاش راج کے بہتر روابط کو استعمال کرتے ہوئے کے سی آر انہیں تلنگانہ سے راجیہ سبھا کیلئے منتخب کرنے پر غور کررہے ہیں۔ تلنگانہ میں راجیہ سبھا کی تین نشستیں ہیں۔ حال ہی میں بنڈی پرکاش کے استعفی سے ایک نشست خالی ہوئی جبکہ جون میں کیپٹن لکشمی کانت راؤ اور ڈی سرینواس کی میعاد ختم ہوگی۔ بتایا جاتا ہے کہ الیکشن کمیشن تینوں نشستوں کیلئے ایک ہی موقع پر اعلامیہ جاری کرے گا۔ر