بہنوں نے چیف منسٹر کو راکھی باندھی اور آشیرواد دیا
حیدرآباد ۔31۔ اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر کی سرکاری رہائش گاہ پرگتی بھون میں رکھشا بندھن تہوار منایا گیا۔ چیف منسٹر کے سی آر کی بہنوں اور دیگر رشتہ داروں نے انہیں راکھی باندھی اور پرگتی بھون میں تہوار کا منظر پیش ہورہا تھا ۔ کے سی آر کی بڑی اور چھوٹی بہنوں نے انہیں راکھی باندھی اور مٹھائی پیش کی۔ چیف منسٹر کی بڑی بہنوں لکشمی بائی ، جئے اماں اور للیتا اماں کے علاوہ چھوٹی بہن ونود اماں نے راکھی باندھی اور دعائیں دیں۔ اس موقع پر چیف منسٹر کی شریک حیات شوبھا اور دیگر رشتہ دار موجود تھے۔ چیف منسٹر کی دختر کویتا نے بھائی کے ٹی آر کے ساتھ تصویر کو ٹوئیٹ کرتے ہوئے راکھی بندھن کی مبارکباد پیش کی ۔ وزیر فینانس ہریش راؤ کی قیامگاہ پہنچ کر بی آر ایس کی مہیلا قائدین نے راکھی باندھی اور مبارکباد پیش کی۔ کویتا نے رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار کو راکھی باندھی ۔ ریاستی وزراء ای دیاکر راؤ ، سرینواس یادو ، سرینواس گوڑ اور دیگر کی قیامگاہوں پر راکھی بندھن کا اہتمام کیا گیا ۔