پرگتی بھون میں سیاسی سرگرمیاں ‘الیکشن کمیشن چوکس

   

انچارج عہدیدار کونوٹس کی اجرائی، کانگریس کی شکایت پر کارروائی
حیدرآباد۔/20 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس نے چیف منسٹر کے سی آر پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور سرکاری رہائش گاہ پرگتی بھون سیاسی اغراض کیلئے استعمال کی الیکشن کمیشن سے شکایت کی ۔ الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی صدرنشین جی نرنجن نے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کو مکتوب میں کہا کہ کانگریس نے پرگتی بھون میں چیف منسٹر کی جانب سے پارٹی امیدواروں کو بی فارمس کی تقسیم کے بارے میں 16 اکٹوبر کو مکتوب روانہ کیا تھا۔ چیف منسٹر روزانہ پرگتی بھون میں امیدواروں کو بی فارمس حوالے کررہے ہیں۔ کمیشن سے درخواست کی گئی کہ چیف منسٹر کی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے نرنجن نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے بعد چیف منسٹر کو سرکاری رہائش گاہ سے سیاسی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی اجازت نہیں لیکن کے سی آر خلاف ورزی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کو مداخلت کرنی چاہیئے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج سے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر رونالڈ راس نے ملاقات کی۔ پرگتی بھون کے خلاف موصولہ شکایات کا جائزہ لیا گیا۔ عہدیداروں نے اس بات کا جائزہ لیا کہ اس سلسلہ میں نوٹس کس کے نام پر جاری کی جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پرگتی بھون کے انچارج عہدیدار کو نوٹس جاری کی ہے اور وہاں کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلات طلب کی ہے۔