وبائی امراض سے فوت انسانوں کی اہمیت نہیں۔ ریونت ریڈی اور جگا ریڈی کا ریمارک
حیدرآباد۔/14ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے ٹی آر ایس کی اونر شپ کے مسئلہ پر جاری تنازعہ کے دوران ریمارک کیا کہ ایٹالہ راجندر ٹی آر ایس جھنڈے کے مالک ہیں اور اگر وہ ایسا دعویٰ کریں تو اس میں کوئی برائی نہیں ہے۔ راجندر نے پارٹی کیلئے کافی رقومات خرچ کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سابق میں ٹی آر ایس میں رہ چکے ہیں اور وہاں کی صورتحال سے اچھی طرح واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس میں کوئی بھی وزیر ہو وہ کچھ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پرگتی بھون میں کتے کی موت ہوتی ہے تو ڈاکٹر پر مقدمہ درج کیا گیا۔ ریاست میں وبائی امراض سے کئی لوگوں کی موت واقع ہوگئی وہاں کس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مچھروں کی افزائش کو روکنے کیلئے بلدیہ کے پاس بلیچنگ پاؤڈر دستیاب نہیں کیونکہ عہدیدار بجٹ کی کمی کی شکایت کررہے ہیں۔ اس کے لئے کون ذمہ دار ہیں۔ جگا ریڈی نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں خون کے معائنہ کیلئے آلات دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو صحت کے شعبہ کیلئے مناسب بجٹ مختص کرنا چاہیئے۔ اسی دوران رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ پرگتی بھون میں رہنے والے کتے کو جو اہمیت حاصل ہے وہ بنگارو تلنگانہ میں انسانوں کو کیوں حاصل نہیں۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے کیمپ آفس پرگتی بھون میں کل ایک کتے کی موت کے بعد علاج میں تساہل پر ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔