پرگتی بھون کا نام ’’ دَل بدلی بھون ‘‘ میں تبدیل کرنا بہتر

   

ارکان اسمبلی کے انحراف کروانے پر سی پی آئی کا ریمارک
حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی سی پی آئی نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی سرگرمیوں و دیگر سیاسی جماعتوں میں اختلافات پیدا کرنے کی کوششوں کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کونسل انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ارکان اسمبلی ( کانگریس پارٹی ) کو خریدنے کے اقدامات کررہی ہے۔ لہذا جاری ان سرگرمیوں کی روشنی میں ریاستی سی پی آئی تلنگانہ کمیٹی نے کہا کہ پرگتی بھون کا نام تبدیل کرکے ’’ دل بدلی بھون ‘‘ (پھیرائنپولہ بھون ) کے نام سے موسوم کرنا بہت ہی بہتر بات ہوگی۔ سابق رکن اسمبلی و اسسٹنٹ سکریٹری تلنگانہ ریاستی سی پی آئی کمیٹی مسٹر کے سامبا شیوا راؤ نے سی پی آئی قائدین کے ساتھ منعقدہ ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ بات کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو نظم و نسق کے مقابلہ میں ’’ دل بدلی کروانے ( ارکان کو انحراف کروانے ) میں کافی مہارت پائی جاتی ہے۔ مسٹر سامبا شیوا راؤ نے تلنگانہ حکومت بالخصوص چیف منسٹر کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ریاست میں برسر اقتدار آتے ہوئے تقریباً تین ماہ ہوچکے ہیں۔ لیکن ریاست میں نظم و نسق نام کی کوئی چیز ہی نہیں ہے۔

ہر جگہ سرکاری عہدیدار و ملازمین ہی اپنی من مانی کررہے ہیں۔ لیکن حکومت اس من مانی کو روکنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے اور صرف پرگتی بھون ارکان اسمبلی کی دل بدلی کا مرکز بنا ہوا ہے۔ انہوں نے ریاست میں ابتر نظم و نسق کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ دوسری مرتبہ ٹی آر ایس کے برسراقتدار آنے کے بعد چیف منسٹر کی قیادت دستوری حقوق کو پامال کرنے کے باعث ریاست میں جمہوریت کو سنگین خطرہ لاحق ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ مسٹر سامبا سیوا راؤ نے پارٹی قائدین کو آئندہ دنوں ریاست میں منعقد ہونے والے لوک سبھا انتخابات کیلئے تیار ہوجانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ مجوزہ لوک سبھا انتخابات میں سوچ سمجھ کر ووٹ کا استعمال کرنے کا عوام میں شعور پیدا کرنے کیلئے اپنے عملی اقدامات کئے جانے چاہیئے۔ اسسٹنٹ سکریٹری ریاستی سی پی آئی تلنگانہ کمیٹی نے ریاست کی عوام سے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے مجوزہ لوک سبھا انتخابات کے موقع پر استعمال کئے جانے والے حربوں و ہتھکنڈوں سے چوکس و چوکنا رہتے ہوئے انتخابات میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو بہتر سبق سکھانے کی پرزور اپیل کی۔ اس اجلاس میں مسرس ایس کے صابر پاشاہ ڈسٹرکٹ سکریٹری کھمم، ار رام پرساد، کے وینکٹیشورراؤ، رامی ریڈی، لکشمی نارائنا، سنیل نائیڈو، لکشمی نارائنا، شریمتی منگما، لکشمی بائی، تروپتی اور دیگر قائدین بھی شریک تھے۔