پرگتی بھون کے روبرو مہیلا کانگریس کا احتجاج، چیف منسٹر کا علامتی پتلہ نذرِ آتش

   

حیدرآباد۔/16 فروری، ( سیاست نیوز) مہیلا کانگریس کارکنوں نے آج پرگتی بھون کے روبرو اچانک احتجاج منظم کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر کا علامتی پتلہ نذرِ آتش کیا۔ پردیش کانگریس کے صدر ریونت ریڈی کی تصویر گدھے کے ساتھ لگاکر ٹی آر ایس کارکنوں کی جانب سے جلوس نکالنے کے خلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مہیلا کانگریس کی صدر سنیتا راؤ کی قیادت میں کارکنوں نے اچانک پرگتی بھون پہنچ کر حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی۔ سٹی مہیلا کانگریس کی صدر کویتا مہیش، ریاستی سکریٹری پی کویتا اور دوسروں کو پولیس نے حراست میں لے لیا اور گوشہ محل منتقل کردیا گیا۔ مہیلا کانگریس کے اچانک احتجاج سے چیف منسٹر کیمپ آفس پر متعین پولیس ملازمین کو حیرت کا سامنا کرنا پڑا۔ سخت حفاظتی انتظامات کے باوجود مہیلا کانگریس کے قائدین اور کارکن پرگتی بھون کے باب الداخلہ تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔ احتجاجیوں نے کے سی آر اور چیف منسٹر آسام کے خلاف نعرہ بازی کی۔ سنیتا راؤ نے کہا کہ راہول گاندھی کے خلاف غیر مہذب بیان بازی پر چیف منسٹر آسام کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بجائے ٹی آر ایس کارکنوں نے ریونت ریڈی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کی ملی بھگت کے نتیجہ میں کانگریس پارٹی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ر