پرگتی میدان میں فائیو اسٹارہوٹل کی تعمیر کا اعلان

   

نئی دہلی،4دسمبر(سیاست ڈاٹ کام )قومی دارالحکومت دہلی میں واقع پرگتی میدان کی تزئین کاری کر کے وہاں ایک پانچ ستارہ ہوٹل اور بین الاقوامی سطح کا کانفرنس ہال اور نمائش گاہ بنائی جائے گی۔مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے وزیراعظم نریندرمودی کی صدارت میں کابینہ کی میٹنگ کے بعد چہارشنبہ کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ میٹنگ میں اس منصوبے کو منظوری دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پرگتی میدان میں عالمی سطح کی نمائش گاہ اور کانفرنس ہال پروجیکٹ کا کام تیزی سے چل رہا ہے اور سال 21-2020تک اس کے پورا ہونے کی امید ہے ۔انہوں نے کہا کہ پانچ ستارہ ہوٹل کی تعمیر کے لئے 611کروڑ روپے کی لاگت پر 99سال کی لیز ہولڈ کے تحت 3.7ایکڑ زمین کو منتقل کرنے کے لئے انڈیا ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (آئی ٹی پی او)کو ذمہ داری دی گئی ہے ۔