ممبئی: مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملہ کی کلیدی ملزمہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکرآج ایک بار پھر عدالت میں حاضر نہیں ہوئی جس پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا،عدالت نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ملزمہ عدالتی کارروائی میں شریک نہ ہونے کے لئے اسپتال میں داخل ہوگئی ہے۔سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے وکلاء جے پی مشرا اور پرشانت مگو نے عدالت میں ایک عرض داشت داخل کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ دہلی کے مشہور ایمس اسپتال میں 17دسمبر کو بغرض علاج داخل ہوئی ہے جس کی وجہ سے وہ آج عدالت میں حاضر نہیں ہوسکی نیز ایسا ہر گز نہیں ہے کہ وہ عدالت میں حاضر نہ ہونے کی وجہ سے اسپتال میں داخل ہوگئی ہے۔دفاعی وکلاء نے عدالت میں ملزمہ کے میڈیکل کاغذات بھی داخل کئے اور عدالت کو بتایا کہ مداخلت کار (بم دھماکہ متاثرین)اعتراض نہ کرے اس لئے عدالت کے سامنے تمام حقائق پیش کئے جارہے ہیں۔ملزمہ کی جانب سے داخل عرض داشت کی خصوصی سرکاری وکیل اویناس رسال نے مخالفت کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کے رویہ سے ایسا لگتا ہے کہ وہ عدالت کے سامنے پیش ہونے سے بچنے کیلئے ایسا حربہ استعمال کررہی ہے۔