بھوپال 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایوان پارلیمنٹ میں بھوپال سے بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی جانب سے بابائے قوم گاندھی جی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کو محب وطن قرار دیئے جانے کے بعد سادھوی کے خلاف زبردست ہنگامہ آرائی جاری ہے۔ سادھوی کے اِس بیان کے بعد جہاں اُنھیں خود اپنی پارٹی کے ارکان کی مخالفت کا سامنا ہے وہیں مدھیہ پردیش میں برسر اقتدار کانگریس کے ایک رکن اسمبلی نے آج ایک متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب اگر سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر مدھیہ پردیش آتی ہیں تو اُن کا پتلا نہیں بلکہ خود اُنھیں پورے کا پورا نذر آتش کردیا جائے گا۔ رکن اسمبلی گوردھن ڈانگی نے آج دھمکی آمیز لہجہ میں کہاکہ اگر وہ اپنے حلقہ پارلیمان میں داخل ہوں گی تو اب ہم اُن کا پتلا نہیں اُنھیں ہی جلادیں گے۔ ضلع راج گڑھ کے حلقہ اسمبلی بیورا سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی گوردھن ڈانگی نے کہاکہ اگرچہ اُن کا خاندان گاندھی جی کے فلسفہ عدم تشدد پر مکمل ایقان رکھتا ہے تاہم اُن کے قاتل کو محب وطن قرار دینے پر وہ شدید برہم ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مہاتما گاندھی کے قاتل کی ستائش کرنے سے زیادہ گری ہوئی حرکت اور کیا ہوسکتی ہے۔ اُن کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے۔ اُن کے اِس بیان کے بعد زبردست تنازعہ پیدا ہوگیا جس کے بعد ڈانگی نے وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ اُن کے کہنے کا مطلب وہ نہیں ہے جو سمجھا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ اور اُن کا خاندان گاندھی جی کے فلسفہ عدم تشدد پر یقین رکھتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اُن کے کہنے کا مطلب یہ تھا کہ ضلع راج گڑھ کے عوام پرگیہ ٹھاکر کا بائیکاٹ کریں۔ ہوسکتا ہے کہ بولنے میں ہم سے کچھ غلطی ہوئی ہو۔ پھر بھی اگر کسی کو میرے بیان سے ٹھیس پہونچی ہو تو میں معذرت خواہ ہوں۔ واضح رہے کہ ریاستی کانگریس نے ڈانگی کے اِس متنازعہ بیان سے خود کو الگ کرلیا ہے۔