پرگیہ کا متنازعہ بیان کیس میںشکایت کنندہ کو پولیس نوٹس

   

بی جے پی ایم پی نے کرناٹک کے شیواموگا میں ہندوؤں کو اقلیتی برداری کیخلاف ہتھیار اٹھانے کی ترغیب دی

بنگلورو: کرناٹک پولس نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن پارلیمنٹ پرگیہ ٹھاکرکے حالیہ متنازعہ بیان پر شکایت درج کرانے والے تحسین پونا والا کو تحقیقات میں شامل ہونے کے لیے بدھ کو نوٹس جاری کیا۔سیاسی تجزیہ کار اور تاجر شہزاد نے سادھوی پرگیہ کے خلاف کرناٹک کے شیو موگا کے حالیہ دورے کے دوران “تحفظ کے لیے گھر میں چاقو رکھنے ” کے بیان کے لیے شکایت درج کرائی تھی۔ انہوں نے شیواموگا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ جی کے متھن کمار سے بھی اپیل کی کہ وہ سادھوی کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی مناسب دفعات کے تحت مقدمہ درج کریں۔ انہوں نے شکایت کی ایک کاپی چیف منسٹر بسواراج بومئی کے ٹویٹر ہینڈل پر ٹیگ کی تھی۔ پونا والا نے اپنی شکایت میں لکھا ہے کہ پرگیہ ٹھاکر نے اقلیتی برادری کے خلاف انتہائی قابل اعتراض تبصرہ کیا ہے ۔سادھوی پرگیہ نے اتوار کو شیو موگا قصبے میں منعقدہ ہندو جاگرن ویدیکے کے جنوبی سالانہ کنونشن میں شرکت کی تھی اور حجاب کے خلاف مہم چلانے پر مارے گئے بجرنگ دل کے کارکن ہرشا کی رہائش گاہ کا دورہ کیا تھا۔انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ ’لو جہاد‘ کا بھی اسی انداز میں مناسب جواب دیں۔ انہوں نے ہندوؤں سے بھی کہا کہ وہ اپنی لڑکیوں کا خیال رکھیں اور ہتھیار گھر میں رکھیں۔ پرگیہ ٹھاکر نے کہا تھا کہ اگر کوئی ہتھیار نہیں ہے تو سبزیاں کاٹنے کے لیے استعمال ہونے والی چھری تیز رکھیں۔پونا والا نے الزام لگایا کہ پرگیہ ٹھاکر نے اقلیتی برادری کے خلاف انتہائی قابل اعتراض تقریر کی۔ انہوں نے اپنی تقریر میں اقلیتی برادری کے خلاف متحد تشدد میں ہتھیاروں کے استعمال پر کھل کر بات کی۔ اس طرح کی تقاریر پوری طرح سے کسی کمیونٹی کے خلاف نفرت اور تشدد کو ہوا دیتی ہیں۔ پونا والا نے پولیس سے کہا کہ اس معاملے میں پرگیہ ٹھاکر کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 153 (A) اور 153 (B) کے تحت معاملہ درج کیا جائے ۔ساتھ ہی آئی پی سی کی دفعہ 295 (A) اور 504 اور 505 کے تحت مقدمہ درج کرنے کی بھی اپیل کی۔