لکھنو 22 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) بی ایس پی صدر مایاوتی نے آج الیکشن کمیشن سے کہا کہ کیوں نہیں وہ بی جے پی بھوپال امیدوار پرگیہ ٹھاکر کا پرچہ مسترد کر رہا ہے حالانکہ بی جے پی رتن ( پرگیہ ) متنازعہ بیانات دے رہی ہیں۔ مایاوتی نے ٹوئیٹ کیا کہ مالیگاوں بم دھماکوں کی ملزم بی جے پی امیدوار پرگیہ سنگھ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ وہ دھرم یدھ لڑ رہی ہیں۔ یہ بی جے پی آر ایس ایس کا حقیقی چہرہ ہے جو مسلسل بے نقاب ہوتا جا رہا ہے ۔ لیکن الیکشن کمیشن کیوں نہیں ان کا پرچہ نامزدگی مسترد کر رہا ہے ۔ انہیں صرف نوٹسیں دی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن غیر جانبدار انداز میں کام نہیں کر رہا ہے اور لوگوں کو مطمئن نہیں کر رہا ہے تو پھر یہ جمہوریت کیلئے شدید تشویش کی بات ہے ۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ خود بی جے پی اور وزیر اعظم مودی بھی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
