پریاگ راج:گنگا۔جمنا خطرے کے نشان سے اوپر

   

پریاگ راج، 21ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) راجستھان اور مدھیہ پردیش کے باندھوں سے چھوڑے گئے پانی سے طغیانی زدہ گنگا خطرے کے نشان سے 1.2 میٹر جبکہ جمنا 96 سینٹی میٹر اوپر بہہ رہی ہے ۔اور آس پاس کے علاقے زیر آب ہیں۔ جس سے وہاں کے میکینوں کو گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر نقل مکانی کے لئے مجبور ہونا پڑرہا ہے ۔ محکمہ آبپاشی کے شعبہ سیلاب کے اعدادوشمار کے مطابق گنگا اور جمنا کا خطرے کا نشان 84.73 میٹر درج ہے ۔ گنگا پھاپھا مئو میں 85.75 میٹر پر جبکہ چھت ناگ میں 85.03میٹر پر بہہ رہی ہے جبکہ نینی میں جمنا خطرے کے نشان سے 96 سینٹی میٹر اوپر بہہ رہی ہے ۔دونوں ندیوں کے آبی سطح میں 0.5 سینٹی میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے اضافہ ہورہا ہے ۔ پریاگ راج کے کوتوال کہے جانے والے لیٹے ہوئے ہنومنا مندر زیر آب ہے ۔ پانی کی سطح کم ہونے پر عقیدت مند کشتی کے ذریعہ درشن کیلئے پہنچتے تھے لیکن سیلاب کی وجہ سے انہیں دور سے ہی واپس لوٹنا پڑ رہا ہے ۔