پریاگ راج:گنگا جمنا میں پھر سے طغیانی

   

پریاگ راج۔ 30 جولائی(یواین آئی) پریاگ راج میں گنگا اور جمنا دونوں ندیوں میں پھر سے طغیانی آگئی ہے ۔ دونوں ندیوں کی آبی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے ۔ گنگا ندی کی آبی سطح تقریبا دو سینٹی میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے بڑھ رہی ہے تو وہیں جمنا ندی کی آبی سطح تین سینٹی میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے بڑھ رہی ہے ۔ گذشتہ 24گھنٹوں میں گنگا کی آبی سطح پھاپھا مئو میں 46سینٹی میٹر اور چھت ناگ میں 67 سینٹی میٹر کا اضافہ ہوا ہے جبکہ نینی میں جمنا ندی کی آبی سطح 87سینٹی 24 گھنٹے میں بڑھی ہے ۔ پھاپھا مئو میں آج صبح 10بجے تک گنگا کی آبی سطح 81.76 میٹر اور چھت ناگ میں81.39 میٹر درج کی گئی ہے وہیں نینی میں صبح 10بجے تک جمنا ندی کی آبی سطح 82.00 میٹر درج کی گئی ہے ۔ دونوں ندیاں ابھی خطرے کے نشان سے تقریبا تین میٹر نیچے بہہ رہی ہیں۔ ندیوں کی آبی سطح بڑھنے کے سلسلے میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔ سیلاب کے خطرے کو دیکھتے ہوئے دوکاندار، اور تیرتھ پروہت محفوظ مقامات کی جانب جاچکے ہیں۔