پریاگ راج میں میرے پروگرام کو روکنےکی کوششیں جاری : راہول

   

نئی دہلی، 6 اگست (یو این آئی) لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہول گاندھی نے کہا ہے کہ وہ 8اگست کو پریاگ راج میں منعقدہ ‘چھاتروں کی گونج’ پروگرام میں شامل ہوں گے لیکن انتظامیہ ان کے دورے کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔راہول گاندھی نے جمعرات کے روز سوشل میڈیا ایکس پر لکھا کہ الہ آباد یونیورسٹی کے طالب علم فیس میں اضافے اور نشستوں میں کمی کے خلاف اپنے مستقبل کی لڑائی لڑ رہے ہیں، لیکن انتظامیہ ان کی بات سننے کے بجائے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر رہی ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت کی پالیسی نوجوانوں کی آواز دبانے کی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سوال پوچھنے پر لاٹھی چلائی جاتی ہے ، مخالفت کرنے پر مقدمات درج کیے جاتے ہیں اور آواز اٹھانے پر پیلٹ گن کا استعمال کیا جاتا ہے ۔کانگریس رہنما نے کہا کہ جب سے انہوں نے طالب علموں کی بات سننے کے لیے 8اگست کو پریاگ راج جانے کا فیصلہ کیا، تبھی سے انتظامیہ ان کے پروگرام کو ہر ممکن اور ہر طریقے سے روکنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ حکومت طالب علموں کی گونج سے بھی ڈر رہی ہے ۔راہول گاندھی نے کہاکہ “میں طالب علموں کے ساتھ ہوں۔ حکومت چاہے جتنی بھی کوشش کر لے ، مجھے طالب علموں کی آواز اٹھانے سے روک نہیں سکتی۔