بڈاپسٹ (ہنگری) : ہندوستانی ریسلر پریا ملک نے 2021 ء ورلڈ کیڈیٹ ریسلنگ چمپئین شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا ہے ۔ یہ خوشخبری ہندوستانیوں کیلئے جاریہ ٹوکیو اولمپکس میں گزشتہ روز ویٹ لیفٹر میرا بائی چانو کی سلور جیت کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے ۔ ابتداء میں چند لوگوں کو غلط فہمی ہوئی کہ پریا نے یہ گولڈ اولمپکس 2021 ء میں جیتا ہے لیکن پریا نے یہ بڑی کامیابی ہنگری کے بڈاپسٹ میں جاری ایک دیگر ایونٹ میں درج کرائی ہے ۔ کئی نامور شخصیتوں میں سوشیل میڈیا کے ذریعہ پریا کو اس کی طلائی کامیابی کیلئے مبارکباد پیش کی ہے ۔ شائد انہوں نے بھی یہ قیاس کیا کہ پریا نے ٹوکیو اولمپکس میں گولڈ جیتا ہے ۔ کیونکہ ایک روز قبل ہی ہندوستان نے اولمپکس میں اچھی شروعات کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کیا تھا ۔ کرینہ کپور ، ابھیشک بچن ، سنی دیول ، ایکتا کپور ، سمرتی ایرانی اور کئی دیگر نے ٹوئٹر کے ذریعہ مبارکباد پیغامات شیئر کئے ۔ پریا نے 73 کیلو گرام سیکشن میں بیلاروس کی حریف کو 5-0 سے شکست فاش دیتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا ہے ۔