نئی دہلی /26 ستمبر (ایجنسیز) دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز آنجہانی بزنس مین سنجے کپور کی اہلیہ پریا کپور کو اپنے شوہر کی جائیداد کی فہرست سیل بند لفافے میں عدالت میں جمع کرنے کی اجازت دی۔ عدالت نے واضح ہدایت کی کہ اس معلومات کو گمنام اور خفیہ رکھا جائے اور میڈیا میں لیک نہ کیا جائے۔ یہ فیصلہ اس مقدمے میں سامنے آیا جو کرشمہ کپور کے بچوں سمائرا کپور اور کیان راج کپور نے اپنے والد کی جائیداد کے بٹوارے کے لیے دائر کیا تھا۔ سماعت کے دوران پریا کپور، کرشمہ کپور کے بچے اور سنجے کپور کی والدہ رانی کپور کے وکلا نے عدالت کو یقین دلایا کہ وہ وصیت کی معلومات میڈیا میں نہیں لائیں گے۔کرشمہ کپور کے بچوں کے وکیل مہیش جیٹھ ملانی نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ “یہ اقدام جائیداد کو چھپانے کا بہانہ ہے، ہمیں معلوم ہونا چاہیے کہ والد نے کیا چھوڑا ہے۔’’ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ جائیداد کی فہرست ایک سیل بند لفافے میں عدالت میں جمع کی جائے اور یہ تمام فریقین کو فراہم کی جائے۔ ساتھ ہی وصیت کی ایک کاپی رانی کپور کے ساتھ بھی شیئر کی جائے اور رجسٹرار جنرل کے پاس محفوظ رکھی جائے تاکہ معلومات کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔