لندن ۔ 5 فروری (سیاست ڈاٹ کام )کرکٹ کے میدان پراکثرریکارڈ بنتے اورٹوٹتے رہتے ہیں، لیکن سری لنکا کے بیٹسمین نے ایسا کارنامہ انجام دے دیا، جو کرکٹ تاریخ میں محض دوسری مرتبہ ہوا ہے۔ سری لنکا کے اینجیلوپریرا نے نانڈے اسکرپٹس کرکٹ کلب کی طرف سے کھیلتے ہوئے چار روزہ میچ میں دو ڈبل سنچریاں بنادی۔ اینجیلو پریرا نے پریمیئرلیگ ٹورنمنٹ میں سنگھ لیز اسپورٹس کلب کے خلاف پہلی اننگز میں 201 رن بنائے جبکہ دوسری اننگ میں انہوں نے 231 رنز کی شانداراننگز کھیلی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے انگلینڈ کے آرتھرفیگ کے اس ریکارڈ کی برابری کرلی، جنہوں نے 1939 میں کینٹ کی طرف سے کھیلتے ہوئے ایسکس کے خلاف میچ میں 244 اورناٹ آوٹ 202 رنوں کی اننگز کھیلی تھی۔ اینجیلو پریرا نے یہ یہ اننگز پی سارا اوول میدان پرکھیلی، جہں نے انہوں نے بین الاقوامی بولر دھمکا پرساد اورسچترا سینا نائیکے جیسے بولروںکا سامنا کیا۔آل راونڈر اینجیلو پریرا کی کارکردگی بین الاقوامی کرکٹ میں اچھی نہیں رہی ہے اس وجہ سے وہ ٹیم کے مستقل کھلاڑی نہیں بن پائے۔ سری لنکا کی طرف سے جولائی 2013 میں انہوں نے ونڈے کرئیر کا آغازکیا تھا اورجملہ 4 مقابلوں (8 رنز، کوئی وکٹ نہیں) کھیلے۔ اسی سال مارچ میں ٹی 20 بین الاقوامی میں قدم رکھتے ہوئے وہ دومیچ (4 رنز، کوئی وکٹ نہیں) کھیلے۔ پریرا کے پاس97 فرسٹ کلاس میچوں کا تجربہ ہے، جن میں انہوں نے اب تک 18 سنچریوں کے ساتھ 47.54 کی اوسط سے 6941 رن بنائے ہیں۔ اب ان دو ڈبل سنچریوں کی بدولت انہوں نے سری لنکائی سلیکٹرس کے سامنے ورلڈ کپ سے قبل ٹیم میں واپسی کا دعویٰ پیش کردیا ہے۔ ویسے بھی سری لنکا ئی ٹیم بیٹنگ میں پوری طرح سے ناکام ثابت ہورہی ہے اور پریرا کا فارم اسے کچھ سہارا تو دے ہی سکتا ہے۔