نظام آباد۔ 18 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سوماجی گوڑہ پریس کلب میں تلنگانہ جاگروتی کی صدر کلواکنٹلہ کویتا نے ویلوگمٹلا متاثرین کو انصاف کی فراہمی کے مقصد سے ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا۔ اس موقع پر کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ یہ کمیٹی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے جدوجہد کرے گی کہ تمام متاثرین کو مکمل انصاف حاصل ہو۔ جب تک تمام متاثرین کو انصاف نہیں ملتا ہم حکومت کا تعاقب جاری رکھیںگے۔انہوں نے بتایا کہ یہ کمیٹی ریٹائرڈ جج جسٹس چندرکمار، فوج کے سابق میجر مدن موہن، پروفیسر انورادھا، ناگم کمار سوامی، رامیا، وکلائسنکرا نریش، شراون گوڑ، نورجن اور صحافی تلنگانہ وٹھل، آکاش گوڑ، کرانتی سمیت دیگر افراد پر مشتمل ہے، جو غیر جانبدارانہ انداز میں متاثرین کے مسائل کا جائزہ لے گی اور حکومت کو ضروری مشورے اور تجاویز پیش کرے گی۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ وہ اس کمیٹی کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ غریب متاثرین کو انصاف مل سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ کمیٹی ایک غیر جانبدار پلیٹ فارم ہے اور حکومت کو چاہیے کہ وہ اس کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے انصاف کے عمل کو یقینی بنائے تاکہ ویلوگمٹلا کے تمام متاثرین کو مکمل انصاف مل سکے اور کوئی بھی خاندان محرومی کا شکار نہ رہے۔