پریشان حال خاندانوں کی مدد کیلئے غیر مقیم ہندوستانیوں کے جذبہ کی ستائش

   

امریکہ سے 300 آکسیجن آلات کا عطیہ، گورنر سوندرا راجن نے کمپنی کے نمائندوں کے حوالے کیا
حیدرآباد۔ گورنر تلنگانہ ٹی سوندرا راجن نے کورونا کے امدادی کاموں کے سلسلہ میں غیر مقیم ہندوستانیوں کے رول کی ستائش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک میں بسنے والے غیر مقیم ہندوستانی مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے آبائی مقامات کے عوام کی مددکیلئے آگے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مادر وطن کی محبت اور اس کے احترام میں کئی تنظیموں اور انفرادی طور پر دنیا بھر سے ہندوستانیوں کی مدد کی پہل کی ہے۔ گورنر نے ڈیلاس اور ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے آئی ٹی سرو الائنس کی جانب سے عطیہ کردہ 300 آکسیجن کنسٹریٹرس کو راج بھون میں ان کے نمائندوں کے حوالے کیا۔ یہ کنسٹریٹرس آئی ٹی سرو الائنس کے اسٹاف اور ان کے افراد خاندان میں تقسیم کئے جائیں گے۔ گورنر نے اس موقع پر آئی ٹی سرو الائنس کے قومی صدر رگھو چٹی ملا اور ڈیلاس چیاپٹر کے صدر وشوا کندی سے آن لائن بات چیت کی۔ گورنر سوندرا راجن نے کہاکہ غیر مقیم ہندوستانیوں کی تنظیم کی جانب سے جملہ 500 آکسیجن کنسٹریٹرس اور 20 وینٹی لیٹر بیڈس کی فراہمی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ مصیبت زدہ انسانیت کی مدد کی جائے تاکہ اجتماعی مساعی کے ذریعہ کورونا وباء پر قابو پایا جاسکے۔ اس موقع پر گورنر کے سکریٹری کے سریندر موہن، آئی ٹی سرو الائنس حیدرآباد چیاپٹر کے نمائندہ روی تیجا، وی آدی نارائن ریڈی، ڈی راما کرشنا اور دوسرے موجود تھے۔