یاقوت پورہ چھاونی میںمی سیوا سنٹر پر عوام کا احتجاج
حیدرآباد: سیلاب متاثرین طویل قطاروں میں کھڑے ہوکر دشواریوں کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ ایک خاتون بھی آج طویل قطار میں کئی گھنٹوں تک انتظار کرنے کے باعث فوت ہوچکی ہے ۔ لیکن ٹپہ چبوترہ علاقہ میں پریشان حال قطا ر میں کھڑے سیلاب متاثرین پر ایک پولیس اہلکار نے لاٹھیاں برسائیں ۔ تفصیلات کے مطابق ٹپہ چبوترہ علاقہ میں واقع می سیوا سنٹر پر متاثرین کی طویل قطار تھی اور اسے باقاعدہ بنانے کے بجائے ایک ہوم گارڈ نے ان پر لاٹھی چارج کردیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹپہ چبوترہ سے وابستہ ایک پولیس کانسٹبل جس کی شناخت ایم خان کی حیثیت سے کی گئی ہے ، نے یہ حرکت کی۔ قطار میں کھڑے ہوئے متاثرین کو لاٹھیوں سے پیٹ کر وہاں سے منتشر کرنے کی بھی کوشش کی ۔ پولیس کانسٹبل کے اس رویہ سے عوام میں برہمی پائی جاتی ہے اور فرینڈلی پولیس رویہ رکھنے والی سٹی پولیس کے اس کانسٹبل نے اپنی اس حرکت سے پولیس کی ساکھ متاثر کی۔ متاثرین کا یہ مطالبہ ہے کہ اس پولیس کانسٹبل کے خلاف اعلیٰ عہدیدار سخت کارروائی کرے ۔ دوسری طرف چھاونی نادعلی بیگ یاقوت پورہ میں لٹل نائیٹنگل اسکول کے قریب واقع می سیوا سنٹر پر عوام نے بڑی تعداد میں جمع ہوکر دھرنا دیا۔ ان کا مطالبہ تھا کہ ان کی درخواستوں کو آن لائن شامل کیا جائے ۔ اسی طرح پرانے شہر کے تقریبا می سیوا سنٹرس پر صبح ہی سیلاب متاثرین کی طویل قطاریں دیکھی گئیں۔