پریش راول کے تاج اسٹوری پوسٹر پر شدید ردعمل

   

نئی دہلی ۔ 30 ستمبر (ایجنسیز) بالی ووڈ ایکٹر پریش راول کی آنے والی فلم ’دی تاج اسٹوری‘ کے پوسٹر کی حالیہ اجرائی کے ساتھ ہی تنازعہ پیدا ہوگیا ہے اور اس کے خلاف شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ پوسٹر میںلکھا گیا کہ تاج محل کی گنبد سے لارڈ شیوا کی مورتی برآمد ہورہی ہے۔ اس پوسٹر کو پریش راول نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ فلمسازوں پر الزام عائد کیا جارہا ہیکہ متنازعہ دعوؤں کو فروغ دیتے ہوئے فلم کے ذریعہ کمرشیل فائدہ اٹھانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس دعویٰ کی کوئی مصدقہ بنیاد نہیں کہ مغل دور کے تعمیر کردہ یادگار وہاں پہلے سے موجود کوئی ہندو مندر کی جگہ پر بنایا گیا۔ تنقیدوں اور شدید ردعمل کو دیکھتے ہوئے پریش راول نے اپنے آن لائن پوسٹ کو ہٹادیا اور فلم کی پروڈکشن ٹیم کا بیان شیئر کیا جس میں فلم کے اصل مقصد کو بیان کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ فلمسازوں نے بیان کیا کہ تاج اسٹوری کا کوئی مذہبی امور سے لینا دینا نہیں اور نہ اس میں دعویٰ کیا گیا ہیکہ تاج محل کے اندرون کوئی شیو مندر موجود ہے۔