لندن ، 20 اگست (آئی اے این ایس): لیورپول کے اسٹار فٹبالر محمد صلاح نے کہا ہے کہ پی ایف اے پلیئر آف دی ایر ایوارڈ جیتنے کا احساس اس وقت اور بڑھ جاتا ہے جب ساتھ میں سب سے اہم پریمیئر لیگ ٹرافی بھی حاصل کی ہو۔صلاح نے اپنے ساتھی کھلاڑی الیکسس میک ایلسٹر، مانچسٹر یونائیٹڈ کے کپتان برونو فرنانڈیز، نیو کاسل کے اسٹرائیکر الیگزینڈر اساک، چیلسی کے کول پامر اور آرسنل کے مڈفیلڈر ڈیکلن رائس کو پیچھے چھوڑکر یہ اعزاز جیتا۔ وہ یہ ایوارڈ تین بار جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں، اس سے پہلے وہ 2017-18 اور 2021-22 میں بھی یہ ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔ صلاح نے ’ایکس‘ پر لکھا: یہ خاص ایوارڈ اس وقت اور زیادہ اہم لگتا ہے جب ہمارے پاس ایک بڑی ٹرافی بھی ہو۔ چمپئن بننا ہی اصل مقصد ہے اور ہم اس سیزن میں دوبارہ اسے حاصل کرنے کے لیے لڑیں گے۔ میں ان کھلاڑیوں کا بے حد شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے لیے ووٹ دیا۔ مصری کھلاڑی نے اس سال کی چھ رکنی شارٹ لسٹ میں شامل اپنے ساتھی کھلاڑی میک ایلسٹر سمیت دیگر پروفیشنل کھلاڑیوں سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔ یہ دسویں بار ہے کہ کسی لیورپول پلیئر نے یہ باوقار ایوارڈ جیتا ہے۔ اینفیلڈ میں اپنے کیریئر کے دوران صلاح نے سات بڑے اعزازات جیتے ہیں، جن میں پریمیئر لیگ، چمپئنز لیگ، فیفا کلب ورلڈکپ، یوئیفا سوپرکپ، ایف اے کپ اور دو لیگزکپ شامل ہیں۔ گزشتہ سیزن میں انہوں نے 52 میچوں میں 34 گول کیے اور 23 گول کیلئے تعاون فراہم کیے، اور کئی ریکارڈ توڑ ڈالے۔ 2017 میں اے ایس روما سے منتقلی کے بعد سے وہ لیورپول کے لیجنڈ بن چکے ہیں۔ اپریل میں انہوں نے ایک نیا معاہدہ بھی کیا ہے جس کے تحت وہ 2027 تک اینفیلڈ میں ہی رہیں گے۔ صلاح ان پانچ لیورپول کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہیں 2024-25 کے لیے پی ایف اے پریمیئر لیگ ٹیم آف دی ایئر میں منتخب کیا گیا۔ ویرجل وان ڈائیک، میلوس کرکیز، ریان گروینبرخ، الیکسس میک ایلسٹر اور صلاح نے اس سالانہ ٹیم میں جگہ بنائی، جس کا اعلان مانچسٹر میں ایک تقریب کے دوران کیا گیا۔ یہ ٹیم ملک کے پروفیشنل کھلاڑیوں کے ووٹوں سے منتخب کی جاتی ہے۔صلاح کی یہ شاندار کامیابیاں ان کے شاندار فام میں ہونے کا ثبوت ہے ۔