نئی دہلی۔ 23 اگست (یواین آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ پارٹی کے سابق صدر راہول گھاندھی کی ووٹ چوری کے خلاف بہار میں جاری ووٹر ادھیکار یاترا میں پارٹی کے سینئر لیڈروں کے ساتھ ہی انڈیا اتحاد کے اکھلیش یادو، ایم کے اسٹالن اور ہیمنت سورین جیسے سرکردہ لیڈران بھی شامل ہوں گے ۔ کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے ہفتہ کو یہاں کہا کہ راہول گاندھی کی یاترا میں پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا، تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن، کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا، اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو، جھارکھنڈ کے وزیر اعلی ہیمنت سورین، تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی اور ہماچل پردیشن کے وزیراعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو سمیت کئی سرکردہ لیڈران شرکت کریں گے ۔ کھیڑا نے کہا کہ ووٹر ادھیکار یاترا ووٹ چوری کے خلاف ایک تاریخی تحریک بن گئی ہے ، جو نہ صرف بہار بلکہ پورے ملک کے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہی ہے ، اس لیے آنے والے ہفتے میں ملک اور کانگریس کے بڑے لیڈر اس یاترا میں شامل ہوں گے ۔ غور طلب ہے کہ راہول گاندھی 17 اگست کو بہار کے ساسارام سے شروع ہوئی ووٹر ادھیکار یاترا 20 اضلاع کا احاطہ کرتے ہوئے 1300 کلومیٹر چلنے کے بعد یکم ستمبر کو پٹنہ میں ختم ہوگی۔