نئی دہلی، 20 اگست (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بدھ کو سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو ان کے 81 ویں یوم پیدائش پر یہاں ان کی سمادھی ویر بھومی پر خراج عقیدت پیش کیا۔کانگریس نے آج صبح ان کی سمادھی ویر بھومی پر سابق وزیر اعظم کی یاد میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا تھا جس میں بڑی تعداد میں کانگریس لیڈروں اور پارٹی کارکنوں نے شرکت کی اور بھارت رتن راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے ، محترمہ واڈرا نے کہاکہ ہمیں رحم، محبت اور حب الوطنی کا مذہب آپ سے وراثت میں ملا ہے ۔ ہم دونوں راہل اور میں ہمیشہ اس مذہب کی پیروی کریں گے ۔ ہمیں کوئی نہیں توڑ سکے گا، کوئی ہمیں روک نہیں سکے گا اور نہ ہی ہمارے قدم کبھی ڈگمگا سکیں گے ۔سابق وزیر اعظم کے قابل ذکر کاموں کو یاد کرتے ہوئے کھرگے نے کہاکہ ووٹنگ کی عمر کو 18 سال تک کم کرنا، پنچایتی راج کو مضبوط کرنا، ٹیلی کام اور آئی ٹی انقلاب، کمپیوٹرائزیشن پروگرام، امن معاہدے کو جاری رکھنا، خواتین کو بااختیار بنانا، یونیورسل ویکسینیشن پروگرام اور جامع تعلیمی پر زور دینے والی نئی تعلیمی پالیسی جیسے راجیو گاندھی جی کے بے مثال اقدامات ملک میں نئی تبدیلیاں لے کر آئے ۔
مودی کا راجیو گاندھی کو خراج عقیدت
نئی دہلی۔ 20 اگست (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں، وزیر اعظم نے لکھا کہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی جی کو آج ان کے یوم پیدائش پرمیرا خراج عقیدت۔ ہندوستان کے چھٹے وزیر اعظم راجیو گاندھی نے 1984سے1989 تک خدمات انجام دیں۔