پرینکا اور کھڑگے کی رکشا بندھن کی مبارکباد

   

نئی دہلی۔ 9اگست (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے رکشا بندھن کے موقع پر عوام کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ تہوار ہم آہنگی اور بھائی چارے کو مزید مضبوط کرے گا۔ کھڑگے نے کہا ‘‘ بھائی بہن کی اٹوٹ محبت، اعتماد اور پیار کے تہوار رکشا بندھن پر سبھی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ رکشا بندھن کا یہ منفرد تہوار ذات پات، مذہب اور عقیدے سے اوپر اٹھ کر باہمی بھائی چارے اور اتحاد کو فروغ دیتا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی یہ مساوات اور احترام کو بھی اجاگر کرتا ہے ۔ امید ہے کہ راکھی کا یہ تہوار ہم سبھی کی زندگی میں ہم آہنگی ، بھائی چارے اور ہمدردی کے جذبے کو مضبوط کرے گا۔ گاندھی نے کہا کہ بھائی اور بہن کے درمیان محبت اور اعتماد کی علامت رکشا بندھن کے تہوار پر آپ سب کو بہت بہت مبارکباد اور نیک خواہشات۔ یہ مقدس تہوار آپ سب کی زندگیوں میں ڈھیروں خوشیاں لائے ۔

ہندوستان چھوڑو تحریک کے مجاہدین آزادی کو کھڑگے کا خراج عقیدت
نئی دہلی۔ 9اگست (یو این آئی) کانگریس کے قومی صدر ملک ارجن کھڑگے نے آج ان مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے 1942 میں اسی دن مہاتما گاندھی کے ذریعہ “کرو یا مرو” کی کال کے تحت شروع ہونے والی تاریخی ہندوستان چھوڑو تحریک میں حصہ لیا تھا۔ کھڑگے نے اپنے سوشل میڈیا نیٹ ورک ایکس پر کہا کہ انڈین نیشنل کانگریس کی قیادت میں شروع ہونے والی اس تحریک نے لاتعداد ہندوستانیوں کو برطانوی حکومت کے خلاف کھڑا کیا۔ کھڑگے نے کہا، 1942 میں، بابائے قوم مہاتما گاندھی کے نعرے کرو یا مرو کے ساتھ، برطانوی حکومت کے خلاف ’ہندوستان چھوڑو تحریک ‘شروع ہوئی، جس سے جنگ آزادی میں نئی توانائی پیدا ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ انڈین نیشنل کانگریس کی قیادت میں، ہندوستان چھوڑو تحریک کے دوران لاتعداد ہندوستانی باشندے سڑکوں پر نکلے ، اور تاریخ کا ناقابل فراموش باب درج کیا گیا۔ مجاہدین آزادی کو دلی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ، کھڑگے نے کہا کہ اگست کرانتی دیوس کے موقع پر، ہم ان تمام مجاہدین آزادی کو دلی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کی آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔