پرینکا نے مودی کو ہرانے کا موقع گنوایا : راہول

   

رائے بریلی: کانگریس کے سابق صدر و نومنتخب ایم پی راہول گاندھی نے منگل کو دعوی کیا کہ لوک سبھا انتخابات میں وارانسی سے اگر ان کی بہن اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا انتخابی میدان میں اترتیں تو وزیر اعظم نریندر مودی کی شکست یقینی تھی۔الیکشن جیتنے کے بعد رائے بریلی اور امیٹھی کی عوام کا شکریہ ادا کرنے آئے گاندھی نے کہا کہ انتخابی نتائج کے ذریعہ رائے بریلی اور امیٹھی سمیت پورے اترپردیش سے یہ پیغام گیا ہے کہ عوام نفرت اور تکبر کی سیاست کے خلاف ہیں اور آئین میں چھیڑ چھاڑ کے کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایودھیا میں بی جے پی کی شکست فاش ہوئی جبکہ وارانسی میں وزیر اعظم نریندر مودی جان بچا کر نکلے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں تو پہلے ہی اپنے بہن پرینکا سے کہہ رہا تھا کہ وارانسی سے الیکشن لڑ جاؤں اور اگر وہ میری بات مان لیتی تو مودی دو سے تین لاکھ ووٹوں سے الیکشن ہار جاتے ۔ راہول نے کہاکہ وزیر اعظم مودی کہتے ہیں کہ وہ کچھ نہیں کرتے سب ان کا بھگوان کراتا ہے ۔ میں سمجھ نہیں پاتا ہوں کہ کیسا ہے ان کا بھگوان جو امبانی۔اڈانی کی مدد کراتا ہے ۔ اب جب عوام نے اپنا فیصلہ سنایا ہے تو سب نے دیکھا کہ وہ آئین کو سر پر اٹھائے تھے ۔ یہی عوام کی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا الیکشن میں انڈیا اتحاد کی جیت کی ایک وجہ اتحاد تھا۔ پہلے بھی اتحاد میں الیکشن لڑے گئے لیکن شکایت ہوتی تھی کہ اتحادی پارٹیوں کا ساتھ نہیں ملا لیکن اس الیکشن میں اترپردیش میں سماج وادی پارٹی اور کانگریس کے کارکنان پوری دلجمعی سے ایک دوسرے کا ساتھ نبھاتے نظر آئے۔بی جے پی کو سیٹوں کے ہوئے نقصان کی وجہ شمار کراتے ہوئے راہول نے کہاکہ بی جے پی کی ہار کی وجہ اس کا تکبر اور نفرت کی سیاست ہے ۔ یہ ہندوستان کی ثقافت اور مذاہب کے خلاف ہے ۔ ہندوستان کی عوام نے یہ ظاہر کیا کہ انہیں وزیر اعظم کا ویژن پسند نہیں ہے ۔