ممبئی7 فروری (ایجنسیز) ریتک روشن کی آخری فلم وار2، 400 کروڑ کے بجٹ سے بنائی گئی تھی تاہم فلم باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوئی اور فلم بنانے والوں کو بہت زیادہ تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ریتک روشن کے پاس اب بھی دو بڑے پروجیکٹ ہیں۔ پہلی فلم کرش 4 ہے اور دوسری ہومبلے کے ساتھ ہے، جسے مکمل ہونے میں وقت لگے گا۔ یہ افواہیں بھی ہیں کہ وہ عالیہ بھٹ کی فلم الفا میں کیمیوکرتے نظر آئیں گے۔ تاہم وہ اپنے سب سے بڑے پروجیکٹ کرش 4 کی ہدایت کاری کررہے ہیں، جو 2027 میں ریلیز ہونے والی ہے اور فی الحال پروڈکشن میں ہے۔ اسی دوران خبریں سامنے آئیں کہ پرینکا چوپڑا نے فلم میں اپنی شمولیت کی تصدیق کردی ہے۔ وہ کرش 4 ٹیم میں مرکزی اداکارہ کے طور پر شامل ہوئی ہیں۔ پرینکا چوپڑا اس وقت ایس ایس راجامولی کی فلم وارانسی میں کام کر رہی ہیں، جس کے لیے اداکارہ نے بھاری فیس لی ہے۔ فلم میں ان کا کردار منداکنی ہے، جو ایک پراسرار ڈاکو ہے، جس کا انکشاف خود راجامولی نے کیا ہے۔ بالی ووڈ کی بات کریں تو اداکارہ دی اسکائی اس پنک میں نظر آئیں جو2019 میں تھیٹر میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس کے بعد کی ایک فلم او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر بھی ریلیز ہوئی لیکن وہ بالآخر بالی ووڈ میں واپسی کی تیاری کر رہی ہیں۔حال ہی میں ایک نیوز ویب سائٹ نے اطلاع دی ہے کہ پرینکا چوپڑا کی کرش 4 کے لیے تصدیق ہوگئی ہے۔ وہ فلم میں مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے، قبل ازیں پرینکا چوپڑا نے کرش کی پچھلی دو قسطوں میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے چند اور فلموں میں کام کیا اور شادی کے بعد بیرون ملک منتقل ہوگئیں۔ تاہم وہ راجامولی کی وارانسی کے ساتھ ہندوستانی سنیما میں واپس آگئیں ۔ اداکارہ کو اصل میں سنجے لیلا بھنسالی کی گنگوبائی کاٹھیاواڑی کے لیے فائنل کیا گیا تھا، لیکن آخری لمحات میں پرینکا نے اس کردار کوکھو دیا ۔