بھوپال: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے حال ہی میں سامنے آئے مبینہ بھرتی گھپلہ کیلئے آج مدھیہ پردیش کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کو نشانہ بنایا۔محترمہ واڈرا نے ایک ٹویٹ کے ذریعے لکھا ہے ، ”ایک بار پھر مدھیہ پردیش میں بی جے پی حکومت کے دور میں بھرتیوں میں گھپلے کی خبریں ہیں۔ لاکھوں روپے میں نوکریوں کی بولی لگنے کی اطلاعات ہیں اور حکومت انکوائری کرنے سے کیوں کترا رہی ہے ؟ بھرتی گھپلے میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے لیے صرف بی جے پی لیڈروں کے ہی نام کیوں سامنے آتے رہتے ہیں؟ نوکریوں کی بھرتی میں صرف گھپلے ہی گھپلے ہیں۔ بی جے پی حکومت لاکھوں نوجوانوں کے مستقبل کو اندھیروں میں کیوں ڈال رہی ہے ؟اس دوران ریاستی کانگریس کے صدر کمل ناتھ نے بھی ایک ٹویٹ کے ذریعے حکومت کو نشانہ بنایا اور کہا کہ ریاست میں پٹواری بھرتی گھپلہ کے خلاف اندور میں ہزاروں طلباء احتجاج کر رہے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں ہر مسابقتی اور بھرتی امتحان میں جس طرح سے دھاندلی اور گھپلے سامنے آرہے ہیں، اس سے محنتی طلبہ کو غصہ آنا فطری ہے ۔ سینئر کانگریس لیڈر نے لکھا ہے ، ”میں وزیر اعلیٰ سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ نوجوانوں کی اس بے اطمینانی اور غصے کو سمجھیں۔