پرینکا کا مودی کو خط، وائناڈ متاثرین کے قرض معافی کی اپیل

   

نئی دہلی : 8 اکٹوبر (ایجنسیز) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھ کر وائناڈ کے لینڈسلائیڈ متاثرین کے قرض معاف کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفت میں کسانوں، چھوٹے کاروباریوں اور خدمات فراہم کرنے والوں کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور اب ان کے مالی بوجھ کو کم کرنا حکومت کی انسانی ذمہ داری ہے۔پرینکا گاندھی نے وزیراعظم کو دوسری مرتبہ خط لکھ کر وائناڈ کے ان لوگوں کی مشکلات سے آگاہ کیا ہے جن کی زندگی 2024 میں آئے تباہ کن لینڈسلائیڈ کے بعد اب تک معمول پر نہیں لوٹ سکی۔ انہوں نے کہا کہ سینکڑوں خاندان آج بھی قرض کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اور ان کے پاس اپنی زمین یا کاروبار کو دوبارہ کھڑا کرنے کے وسائل موجود نہیں ہیں۔پرینکا گاندھی نے اپنے خط میں لکھا کہ قدرتی آفت کے دوران نہ صرف کھیت اور مکانات تباہ ہوئے بلکہ سینکڑوں ایکڑ زرعی زمین اب کھیتی کے لائق نہیں رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائناڈ کے کئی علاقوں میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار مکمل طور پر برباد ہو گئے اور روزگار کے مواقع ختم ہو گئے۔