نئی دہلی: دہلی کانگریس کے سابق صدر اور سینئر لیڈر اجے ماکن نے مرکز کی مودی حکومت پر پرینکا گاندھی اور ان کی فیملی کیخلاف سازش رچنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان سے جبراً گھر خالی کر دوسری جگہ شفٹ ہونے کیلئے کہنا دراصل کورونا وبا کے منھ میں دھکیلنے کی ایک کوشش ہے۔ اجے ماکن نے کہا کہ ’’حکومت کورونا وبا کے اس دور میں زیڈ پلس سیکورٹی والوں میں سے صرف پرینکا گاندھی جی سے جبراً مکان خالی کرا رہی ہے جو اس وبا کے منھ میں دھکیلنے کی سازش ہے۔‘‘ساتھ ہی ماکن نے یہ بھی کہا کہ’’اپوزیشن کے اوپر ایسے دباؤ کی سیاست کبھی ثمرآور ثابت نہیں ہوتی۔ قربانی کی تاریخ رکھنے والی کانگریس اور قیادت ایسی سازشوں سے نہیں ڈرتی۔‘‘دراصل اجے ماکن نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں ایک رپورٹر کے ذریعہ ان سے پرینکا گاندھی کے 35 لودھی اسٹیٹ واقع گھر کو یکم اگست تک خالی کرنے کے حکم سے متعلق سوال کیا گیا۔ جواب میں اجے ماکن نے کہا کہ’’ حکومت پرینکا گاندھی جی سے جبراً مکان خالی کرا رہی ہے جو اس وبا کے منھ میں دھکیلنے کی سازش ہے‘‘۔