پرینکا کی قیامگاہ پر سکیوریٹی کوتاہی ’ محض اتفاق ‘ امیت شاہ

,

   

تحقیقات کا حکم دیدیا گیا ۔ تین عہدیدار بھی معطل ۔راجیہ سبھا میں وزیر داخلہ کا بیان

نئی دہلی 3 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج کہا کہ کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا کی قیامگاہ پر سکیوریٹی کی کوتاہی محض اتفاق ہے اور حکومت نے پہلے ہی اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے اور تین عہدیداروں کو معطل کردیا گیا ہے ۔ وزیر داخلہ کا خیال تھا کہ کانگریس کو اس مسئلہ کو منظر عام پر نہیں لانا چاہئے تھا کیونکہ اس طرح کے امور رازدارانہ رہتے ہیں ۔اس واقعہ پر کوئی مکتوب متعلقہ عہدیدار کو یا پھر انہیں روانہ کیا جانا چاہئے تھا ۔ امیت شاہ نے کہا کہ پرینکا گاندھی کی قیامگاہ پر سکیوریٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ رابرٹ واڈرا ‘ راہول گاندھی اور دوسرے افراد خاندان کو کسی طرح کے سکیوریٹی چیک کے بغیر داخل ہونے کی اجازت دی جائے ۔ امیت شاہ نے راجیہ سبھا میں بتایا کہ سکیوریٹی کو اطلاع ملی تھی کہ وہاں راہول گاندھی سیاہ رنگ کی ٹاٹا سفاری میں آنے والے ہیں۔ یہ اطلاع گھر کے باب الداخلہ پر تھی ۔ ایک سیاہ رنگ کی ٹا ٹا سفاری وہاں پہونچی اور راہول گاندھی کی بجائے میرٹھ کانگریس کمیٹی کی صدر نشین شاردا تیاگی پرینکا گاندھی سے ملنے اس گاڑی میں چار پارٹی ورکرس کے ساتھ پہونچیں۔ چونکہ گاڑی سیاہ رنگ کی ہی تھی اور ٹاٹا سفاری ہی تھی جو اسی وقت اندر داخل ہوئی تھی تو یہ لوگ بھی کسی سکیوریٹی کنٹرول کے بغیر گھر میں داخل ہوگئے اور یہ محض ایک اتفاق تھا ۔ وزیر موصوف کانگریس کی جانب سے یہ مسئلہ ایوان میں اٹھائے جانے کے بعد جواب دے رہے تھے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ محض اتفاق ہونے کے امکان کے باوجود ہم نے اعلی سطح کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے ۔ تمام تین ذمہ دار افراد کو معطل کردیا گیا ہے ۔ سینئر ترین عہدیدار اس معاملہ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ اس طرح کا واقعہ آئندہ رونما نہیں ہونا چاہئے ۔ ہم نہیں چاہتے کہ کوئی خطرہ مول لیں اس لئے ہم نے تحقیقات کا حکم دیدیا ہے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ اگر واقعی آپ سکیوریٹی سے متعلق فکرمند ہیں تو ایسے معاملات رازدارانہ ہوتے ہیں۔ اسے صحافت میںمنظر عام پر نہیں لایا جانا چاہئے ۔ اگر آپ اس طرح کے مسئلہ پر سیاست کرنا چاہتے ہیں تو پھر عوام کو اور میڈیا کو ضرور بتائیں ۔ سکیوریٹی کی فکر ہے تو پھر متعلقہ عہدیدار کو یا وزیر داخلہ کو مکتوب روانہ کرنا چاہئے ۔ کانگریس نے یہ مسئلہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں موضوع بحث بنایا اور کہا کہ گاندھی خاندان کی سکیوریٹی پرلاپرواہی برتی جا رہی ہے ۔ واضح رہے کہ 26 نومبر کو ایک کار پرینکا گاندھی کی لودھی اسٹیٹ قیامگاہ میں داؓخل ہوگئی تھی اور تین مرد اور تین خواتین کے علاوہ ایک لڑکی کار سے باہر آئے ۔ وہ پرینکا گاندھی تک پہونچے اور ان کے ساتھ تصاویر لینے کی خواہش کی ۔ پرینکا گاندھی نے ان سے پرسکون انداز میں بات کی ۔ تصاویر بنوائیں اور یہ لوگ چلے گئے ۔ بعد ازاںپرینکا گاندھی کے دفتر نے اس معاملہ کو سی آر پی ایف سے رجوع کردیا تھا ۔ پرینکا کے شوہر رابرٹ واڈرا نے اس مسئلہ کو معمولی کوتاہی نہیں بلکہ ایک سنگین لاپرواہی قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی خاندان کی ایس پی جی سکیوریٹی برخواست کرنا در اصل سیاسی مقاصد پر مشتمل تھا ۔ حکومت نے تاہم کسی سیاسی مقصد براری کی تردید کی ہے ۔