پرینکا گاندھی آئندہ ماہ حیدرآباد میں بیروزگار نوجوانوں سے خطاب کریں گی

   

4 یا 5 مئی کو جلسہ عام، نلگنڈہ، عادل آباد اور کھمم میں احتجاج کا منصوبہ : ریونت ریڈی
حیدرآباد۔/19 اپریل، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ بیروزگار نوجوانوں کے مسائل اور پبلک سرویس کمیشن کے امتحانی پرچہ جات کے افشاء پر پارٹی کی جانب سے 4 یا 5 مئی کو سرور نگر گراؤنڈ پر جلسہ عام منعقد ہوگا۔ اے آئی سی سی قائد پرینکا گاندھی جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔ ریونت ریڈی نے نئی دہلی میں پرینکا گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے بیروزگار نوجوانوں کے مسائل پر جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دی۔ پرینکا گاندھی نے مئی کے پہلے ہفتہ میں حیدرآباد کے دورہ سے اتفاق کیا اور ریونت ریڈی کو مشورہ دیا کہ 4 یا 5 مئی کو جلسہ عام منعقد کریں۔ ریونت ریڈی نے آج گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ 21 اپریل کو نلگنڈہ کی مہاتما گاندھی یونیورسٹی میں بیروزگار نوجوانوں کا احتجاج منظم کیا جارہا ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی نے پرچہ جات کے افشاء اور بیروزگار نوجوانوں کے مسائل پر کُل جماعتی احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ 24اپریل کو کھمم اور 26 اپریل کو عادل آباد میں احتجاج منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرور نگر گراؤنڈ پر جلسہ عام کے موقع پر ایل بی نگر میں تلنگانہ تحریک کے شہید سریکانت چاری کو خراج پیش کیا جائے گا۔ جلسہ عام میں بیروزگار نوجوانوں کیلئے کانگریس کے منصوبہ کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرینکا گاندھی کرناٹک کی انتخابی مہم کے بعد حیدرآباد کا دورہ کریں گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں 50 لاکھ سے زائد بیروزگار نوجوانوں کو حکومت نے دھوکہ دیا ہے۔ علحدہ تلنگانہ تحریک میں نوجوانوں کے ساتھ کئی وعدے کئے گئے تھے۔ نریندر مودی حکومت نے ہر سال 2 کروڑ جائیدادوں پر تقررات کا وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں حکومت نے بتایا کہ 7 لاکھ 22 ہزار روزگار فراہم کئے گئے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے ہر گھر کو ایک ملازمت کا وعدہ کیا تھا لیکن تقررات کے امتحانات میں بے قاعدگیاں ہورہی ہیں۔ حکومت کی لاپرواہی کے نتیجہ میں پبلک سرویس کمیشن کے امتحانی پرچہ جات کا افشاء ہوا۔ انہوں نے اس معاملہ کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ریونت ریڈی کی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پدیاترا کے دوسرے مرحلہ کا 9 مئی کو آغاز ہوگا۔ر