بی جے پی لیڈر اور بہار کے وزیر ونود نارائن جھا کے ریمارک پر تنازعہ
پٹنہ 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے سینئر لیڈر اور بہار کے وزیر ونود نارائن جھا نے آج کہاکہ کانگریس کی نومقرر جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا میں سوائے ’’حُسن‘‘ کے کوئی دوسری خوبی نہیں ہے۔ کانگریس کو یہ یاد رکھنا چاہئے کہ صرف ’’حُسن‘‘ رکھنے سے ووٹ حاصل نہیں ہوتے۔ ونود نارائن جھا کے اس ریمارک پر تنازعہ پیدا ہوگیا ہے۔ وہ بہار کے وزیر صحت عامہ اور انجینئرنگ ہیں۔ اس ریمارک کو چیف منسٹر بہار نتیش کمار کی پارٹی جنتادل یو نے مسترد کردیا ہے۔ اپوزیشن کانگریس ۔ آر جے ڈی اتحاد نے اس وزیر کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا اور الزام عائد کیاکہ وہ خواتین کے تعلق سے ’’نازیبا‘‘ رویہ رکھتے ہوئے بدتمیزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ ونود نارائن جھا سے ایک صحافی نے جب سوال کیاکہ آیا پرینکا گاندھی وڈرا کے سرگرم سیاست میں داخل ہونے پر آپ کیا محسوس کرتے ہیں تو انھوں نے جواب دیا کہ ان میں (پرینکا) خوبصورتی کے سوا کچھ خوبی نہیں ہے۔ پرینکا گاندھی کو قدرت نے حُسن دیا ہے لیکن کانگریس کو یہ یاد ہونا چاہئے کہ صرف خوبصورتی سے ووٹ حاصل نہیں ہوتے۔ وہ بھی سیاست میں نوآموز ہیں اور ان کے شوہر پر رشوت کے سنگین الزامات ہیں۔ پرینکا گاندھی کو اس ہفتے کے اوائل میں مشرقی اترپردیش کا انچارج بناکر جنرل سکریٹری مقرر کیا گیا تھا۔ جنتادل یو رکن اسمبلی اشوک چودھری نے کہاکہ یہ بلاشبہ ایسا ریمارک نہیں ہے کہ جس کو ہم منظوری دیدیں۔