پرینکا گاندھی وڈرا کی کانگریس میں شمولیت سے جوش و خروش میں اضافہ : تجزیہ

,

   

واشنگٹن ۔ 12 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے ایک بارسوخ خارجہ پالیسی کے حامل مجلہ نے ایک اہم تجزیہ پیش کرتے ہوئے ہندوستان کی قدیم ترین سیاسی جماعت کانگریس میں سونیا گاندھی کی دختر اور کانگریس کے صدر راہول گاندھی کی بہن پرینکا گاندھی کے داخلہ کا تجزیہ پیش کیا ہے۔ یہ بتایا گیا ہیکہ پرینکا گاندھی وڈرا کے کانگریس میں شامل ہونے سے انتخابی نتائج پر کیا مثبت یا منفی اثرات مرتب ہوں گے؟ البتہ یہ ضرور وضاحت سے بتائی گئی ہیکہ پرینکا کی آمد سے پارٹی کی فنڈنگ میں کمی اور وسائل کے درمیان پائی جانے والی خلیج کو ضرور پاٹا جاسکے گا جو کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ہے۔ کارنیگی انڈومنٹ فار انٹرنیشنل پیس سے وابستہ ملن ویشنو نے بتایا کہ کانگریس پارٹی میں نو وارد پرینکا گاندھی وڈرا جنہیں ان کے بھائی کانگریس صدر راہول گاندھی نے انتہائی اہم مشرقی اترپردیش کا جنرل سکریٹری انچارج مقرر کیا ہے جہاں سے لوک سبھا کیلئے 40 نشستیں ہیں۔ اپنے بھائی کے ساتھ انہوں نے پیر کے روز لکھنؤ میں اپنا پہلا روڈ شو بھی کیا۔ مسٹر ویشنو نے کہا کہ پرینکا کی آمد سے کانگریس میں جس جوش و خروش کا فقدان تھا، وہ واپس آ گیا ہے۔ کانگریس کو 2014ء میں بی جے پی کی تاریخی کامیابی کے بعد شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا تھا اور نریندر مودی وزیراعظم کے جلیل القدر عہدہ پر فائز ہوئے تھے۔