پرینکا گاندھی پر تنقید کا اسد اویسی کو کوئی حق نہیں

   

کانگریس ہمیشہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ساتھ، وی ہنمنت راؤ کا بیان
حیدرآباد : سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد اویسی کی جانب سے جنرل سکریٹری کانگریس پرینکا گاندھی پر تنقید کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسد اویسی کو پرینکا گاندھی پر تنقید کا کوئی حق نہیں پہنچتا۔ ہنمنت راو نے کہا کہ پرینکا گاندھی نے رام مندر کی تعمیر کے مسئلہ پر جو ریمارک کیا وہ قومی یکجہتی کے پس منظر میں ہے۔ مندر کی تعمیر کیلئے بھومی پوجن کی تائید کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے ملک کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کبھی بھی فرقہ پرست اور ہندوتوا نظریات کی تائید نہیں کی۔ اس سلسلہ میں اسد اویسی کا الزام گمراہ کن ہے۔ کانگریس نے ہمیشہ قومی یکجہتی اور بھائی چارہ کو فروغ دیا ہے ۔ کانگریس پر شبہ کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اسد اویسی کو کانگریس یا پرینکا گاندھی پر تنقید کا کوئی حق نہیں پہنچتا۔ انہیں جاننا چاہئے کہ بابری مسجد مقدمہ کے فریق اقبال انصاری نے بھی بھومی پوجا تقریب میں شرکت کی ۔ اقبال انصاری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد ایودھیا کا تنازعہ ختم ہوچکا ہے ۔ صدر مجلس اپنے سیاسی مفادات کی تکمیل کیلئے کانگریس کو نشانہ بنارہے ہیں۔ وہ ملک میں ہندو مسلم اتحاد کو برقرار رکھنا نہیں چاہتے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ قومی یکجہتی کے بارے میں پرینکا گاندھی کو اسد اویسی کے مشورہ کی ضرورت نہیں ہے۔ اسد اویسی کو اے آئی سی سی قائدین پر الزام تراشی کا سلسلہ بند کرنا چاہئے ۔