حیدرآباد 18 نومبر ( سیاست نیوز ) کانگریس تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں اپنی انتخابی مہم میں ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے اور اب جبکہ انتخابی مہم کیلئے صرف چند دن باقی رہ گئے ہیں پارٹی ہائی کمان انتخابی مہم میں اپنے اعلی قائدین کو مسلسل شامل کر رہی ہے ۔ اسی سلسلہ کے طور پر پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی 19 نومبر اتوار کو تلنگانہ کا دورہ کریں گی اور وہ آصف آباد اور خانہ پور میں دو انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گی ۔ ذرائع کے بموجب پرینکا گاندھی ناندیڑ سے خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ 10.30 بجے دن خانہ پور پہونچیں گی ۔ ایک گھنٹہ تک انتخابی مہم میں حصہ لیں گی اور وہاں سے 12 بجے دن آصف آباد روانہ ہونگی ۔ آصف آباد میں ایک گھنٹہ انتخابی مہم میں حصہ لینے کے بعد مقامی مندر میں پوجا کرینگی ۔ ایک قبائلی تانڈہ میں پہونچ کر پرینکا گاندھی خواتین کے ساتھ کانگریس کی چھ ضمانتوں کی تشہیر کریں گی اور قبائلی خواتین کے ساتھ خصوصی پکوان کریں گی اور ان کے ساتھ کھانا کھائیں گی ۔ خواتین کے ساتھ وہ بس میں سفر بھی کرینگی اور آصف آباد سے ناندیڑ کیلئے روانہ ہوجائیں گی ۔