نئی دہلی، 28 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی چہارشنبہ سے اپنے پارلیمانی حلقہ وایناڈ کے دو روزہ دورہ پر ہوں گی۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ وہ 29اور 30اکتوبر کو وایناڈ کا دورہ کریں گی اور پھر بہار اسمبلی انتخابات کیلئے انتخابی مہم چلائیں گی۔ وہ وایناڈ میں راجیو گاندھی میموریل گورنمنٹ آیوروید ڈسپنسری کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کریں گی، موبائل ڈسپنسری کی ایمبولینس کو ہری جھنڈی دکھائیں گی اور کوڈینچیری گرام پنچایت میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گی۔ وہ سلطان باتھری میں مہاتما گاندھی کے مجسمہ کی نقاب کشائی کے پروگرام کے بعد متعدد دیگر تقریبات میں بھی شرکت کریں گی۔
