حیدرآباد ۔ 10۔ مئی (سیاست نیوز) کانگریس قائد پرینکا گاندھی لوک سبھا انتخابی مہم کے آخری دن کل تلنگانہ میں کانگریس کی انتخابی ریالیوں سے خطاب کریں گی ۔ پروگرام کے مطابق پرینکا کاما ریڈی میں ظہیر آباد حلقہ کے امیدوار سریش شیٹکر کی ریالی سے خطاب کریں گی ۔ وہاں سے وہ چیوڑلہ لوک سبھا حلقہ کے تحت تانڈور میں امیدوار رنجیت ریڈی کے جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔ پرینکا گاندھی کی دیگر ریاستوں میں انتخابی مہم کے پیش نظر تلنگانہ میں آخری دن ان کا دو ریالیوں سے خطاب طئے کیا گیا ہے۔ اسمبلی انتخابات کے مقابلہ میں پرینکا گاندھی نے تلنگانہ میں اس مرتبہ زیادہ مہم نہیں چلائی ۔ راہول گاندھی نے کل میدک اور سرور نگر میں عام جلسوں سے خطاب کیا۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے بھونگیر لوک سبھا حلقہ کے تحت نکریکل میں کانگریس کی ریالی میں شرکت کی۔ 1