پرینکا گاندھی کا آج یو پی میں کسان جلسوں سے خطاب

   

نئی دہلی :کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی مودی حکومت کے تین متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف جاری کسانوں کے احتجاج کے درمیان کل پیر سے وہ اترپردیش کے تین اضلاع میں کسان پنچایتو ں سے خطاب کریں گی ۔ وہ 15فبروری کو بجنور کا دورہ کریں گی جہاں دوپہر 12بجے چاندپور میں کسان پنچایت سے خطاب کریں گی ۔ 19فبروری کو متھرا میں اور 20فبروری کو مظفر نگر میں بھی کسانوں کے جلسوں سے خطاب کریں گی ۔ قبل ازیں 10فبروری کو پرینکا گاندھی نے سہارنپور کا دورہ کر کے کسان پنچایت میں شرکت کی تھی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ مودی حکومت کے نئے زرعی قوانین کو کھرب پتیو ں کے فائدے کیلئے بنایا گیا ہے ۔ ان قوانین کے خلاف گذشتہ سال 26 نومبر سے دارالحکومت دہلی کی سرحدوں پر کسان احتجاج کررہے ہیں ۔ مودی حکومت نے ان تین زرعی قوانین کو لایا ہے اس کے خلاف اعتراض کیا جارہا ہے ۔ کانگریس شروع سے ہی ان قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کررہی ہے ۔ سابق صدر کانگریس راہول گاندھی نے حال ہی میں اپنے دو روزہ دورہ راجستھان کو پورا کیا ہے جہاں انہوں نے اجمیر کے قریب کسان پنچایتو ں سے خطاب کیا ۔