ہائیکورٹ میں شکست خوردہ بی جے پی امیدوار کی درخواست
نئی دہلی : بی جے پی لیڈر نویہ ہری داس نے کیرالا ہائیکورٹ میں ایک درخواست پیش کرتے ہوئے گذشتہ ماہ کے ضمنی انتخاب میں کیرالا کی وائیناڈ نشست کیلئے پرینکا گاندھی واڈرا کے انتخاب کو چیلنج کیا ہے ۔ پرینکا گاندھی نے وائیناڈ سے اپنا اولین انتخاب لڑا تھا اور کامیاب ہوئی تھیں۔ راہول گاندھی نے یہ نشست چھوڑی تھی جس کے بعد یہاں ضمنی انتخاب ہوا تھا ۔ راہول گاندھی نے اترپردیش کے رائے بریلی حلقہ کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ پرینکا گاندھی نے اپنی مخالف امیدوار پر پانچ لاکھ سے زائد ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ بی جے پی لیڈر نویہ ہری داس نے اپنی درخواست میں الزام عائد کیا کہ پرینکا گاندھی نے اپنے پرچہ نامزدگی میں اپنی اور اپنے افراد خاندان کی دولت اور اثاثہ جات کے تعلق سے درست انکشاف نہیں کیا تھا اور جھوٹی اطلاع دی تھی ۔ یہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے مغائر ہے اور انتخابی بدعنوانی سمجھی جاسکتی ہے ۔ نویہ ہری داس نے کہا کہ ہم نے کل ہائیکورٹ میں کانگریس ایم پی پرینکا گاندھی واڈرا کے خلاف درخواست داخل کی ہے ۔ اس میںواضح طور پر کہا گیا ہے کہ پرینکا گاندھی کا پرچہ نامزدگی گمراہ کن تھا ۔ کئی اہم باتوں کو پرچہ نامزدگی میں پوشیدہ رکھا گیا ہے اور خاص طور پر پرینکا گاندھی اور ان کے خاندان کے اثاثہ جات کی تفصیل نہیں بتائی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے یہ شکایت الیکشن کمیشن سے بھی کی گئی تھی لیکن کمیشن نے اس طرح کی کارروائی نہیں کی جس طرح کی ہم چاہتے تھے ۔ ایڈوکیٹ ہری کمار جی نائر نے مس ہری داس کی جانب سے یہ درخواست داخل کی ہے اور کہا کہ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ پرینکا گاندھی کے انتخاب کو کالعدم قرار دے ۔