متحدہ محبوب نگر ضلع کے قائدین متحرک، ویمنس ڈیکلریشن جاری ہوگا
حیدرآباد۔/25 جولائی، ( سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی پرینکا گاندھی کے 30 جولائی کو محبوب نگر کے کولا پور میں جلسہ عام کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ نائب صدر پردیش کانگریس ڈاکٹر ملو روی نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ کھمم کی طرح کولا پور میں تاریخی جلسہ عام ہوگا۔ پرینکا گاندھی جلسہ عام میں ویمنس ڈیکلریشن جاری کریں گی جس کے تحت کانگریس برسراقتدار آنے پر خواتین کی ترقی اور بھلائی کے وعدوں کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ محبوب نگر ضلع کے قائدین کو جلسہ عام کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ جلسہ عام میں خواتین کی بڑے پیمانے پر شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ خواتین میں شعور بیداری میں مصروف ہیں۔ جلسہ عام میں بی آر ایس کے سابق وزیر جوپلی کرشنا راؤ، رکن کونسل دامودھر ریڈی اور ان کے فرزند راجیش ریڈی کے علاوہ کئی اہم قائدین کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ ملو روی کے مطابق گدوال ضلع پریشد صدرنشین سریتا کی کانگریس میں شمولیت کے بعد ضلع کے کئی سرپنچوں اور ایم پی ٹی سی ارکان نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس سے قائدین کی بی آر ایس میں شمولیت کا کوئی امکان نہیں ہے۔ کانگریس نے خواتین کی ترقی اور بھلائی کے سلسلہ میں کئی منفرد اسکیمات کی منصوبہ بندی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف طبقات کیلئے علحدہ ڈیکلریشن جاری کئے جائیں گے۔
