مانکیم ٹیگور پر ریونت ریڈی کی پشت پناہی کا الزام، تلنگانہ کے سینئر قائدین کی کانگریس ہائی کمان سے شکایت
حیدرآباد ۔ 13 اگست (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے کیلئے ساری توجہ مبذول کر رہی ہے۔ انچارج جنرل سکریٹری کے عہدہ سے مانکیم ٹیگور کو ہٹا کر پرینکا گاندھی کو ذمہ داری سونپنے پر سنجیدگی سے پارٹی غور کررہی ہے۔ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی کانگریس پارٹی علحدہ ریاست تشکیل دینے پر نئی ریاست میں اقتدار حاصل ہونے کی امید کررہی تھی۔ تلنگانہ کانگریس کے قائدین نے کانگریس ہائی کمان کو یہی یقین دلایا تھا تاہم تلنگانہ جذبہ کا کے سی آر کی ٹی آر ایس کو فائدہ ہوا اور قبل از وقت انتخابات کراتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر نے دوسری میعاد کیلئے اقتدار حاصل کرلیا۔ پہلی اور دوسری میعاد میں بھی کانگریس کے 10 سے زائد ارکان اسمبلی ٹی آر ایس میں شامل ہوگئے۔ ایک سال قبل اے ریونت ریڈی کو پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت سونپی گئی۔ تاہم کانگریس پارٹی میں اختلافات اور گروپ بندیاں دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہیں۔ کانگریس کے سینئر قائدین ریونت ریڈی کی انداز کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔ انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور پر ریونت ریڈی کی پشت پناہی کرنے کا الزام ہے۔ تلنگانہ کانگریس کے کئی قائدین نے اس کی ہائی کمان سے شکایت کی ہے جس کے بعد کانگریس ہائی کمان نے دو انچارج سکریٹریز تلنگانہ کانگریس امور کو ہٹا کر ان کی جگہ ندیم جاوید اور روہت چودھری کو نئے انچارج سکریٹریز کی حیثیت سے نامزد کیا ہے۔ اس کے بعد مانکیم ٹیگور کو بھی اس ذمہ داری سے ہٹادینے کی تیاریاں کی جارہی ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کانگریس ہائی کمان پرینکا گاندھی کو تلنگانہ کانگریس امور کا انچارج بنانے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ن