ایک لاکھ افراد کی شرکت متوقع، ریونت ریڈی اور مانک راؤ ٹھاکرے نے انتظامات کا جائزہ لیا
حیدرآباد۔/7 مئی،( سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی پرینکا گاندھی کل 8 مئی کو شہر کے سرور نگر اسٹیڈیم میں نوجوانوں بالخصوص بیروزگار نوجوانوں کے جلسہ سے خطاب کریں گی۔ تلنگانہ میں امتحانی پرچہ جات کے افشاء کے خلاف کانگریس نے اضلاع میں جلسوں کا اہتمام کیا۔ سرورنگر اسٹیڈیم میں جلسہ عام سے پرینکا گاندھی خطاب کریں گی۔ وہ سہ پہر 4 بجے خصوصی طیارہ سے بیگم پیٹ ایرپورٹ پہنچیں گی۔ وہاں سے سیدھے سرور نگر اسٹیڈیم جائیں گی۔ پرینکا کی آمد پر صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی استقبال کریں گے اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کی تقریر کے بعد پرینکا گاندھی کا خطاب ہوگا۔ سہ پہر 3 تا شام 6 بجے جلسہ عام ہوگا۔ پرینکا گاندھی کی آمد سے قبل دیگر قائدین خطاب کرینگے۔ جلسہ عام میں حیدرآباد کے علاوہ اضلاع سے کثیر تعداد میں نوجوانوں کی شرکت کا انتظام کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق تقریباً ایک لاکھ افراد جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ بیگم پیٹ ایرپورٹ سے سرور نگر اسٹیڈیم تک پرینکا گاندھی کے استقبال کیلئے بیانرس اور فلیکسیز لگائے جارہے ہیں۔ اسی دوران سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے نے کہا کہ پرینکا بیروزگار نوجوانوں کیلئے اہم اعلانات کریں گی۔ کانگریس برسراقتدار آنے پر تیقنات پر عمل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ مانک راؤ ٹھاکرے نے پارٹی کے سینئر قائدین کے ہمراہ سرور نگر اسٹیڈیم کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ پارٹی نے جلسہ کیلئے کمیٹی تشکیل دی ۔ ارکان پارلیمنٹ کیپٹن اتم کمار ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے علاوہ ارکان اسمبلی و کونسل جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ بیگم پیٹ ایرپورٹ پر قائدین کی جانب سے رسمی استقبال کے بجائے صرف ریونت ریڈی تنہا استقبال کرینگے اور وہاں سے سیدھے اسٹیڈیم پہنچیں گے جہاں پارٹی قائدین کا تعارف کروایا جائیگا ۔ ۔ر