راہول گاندھی کل بودھن، عادل آباد اور ویملواڑہ میں انتخابی ریالیوں سے خطاب کریں گے
حیدرآباد 23 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس کی انتخابی مہم میں اے آئی سی سی قائدین راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کی شمولیت سے کارکنوں میں غیرمعمولی جوش و خروش پیدا ہوجائے گا۔ پرینکا گاندھی کل 24 نومبر سے تلنگانہ میں دو روزہ انتخابی مہم چلائیں گی جبکہ راہول گاندھی 25 نومبر کو کانگریس کی ایک روزہ انتخابی مہم کے تحت کئی اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کریں گے۔ تلنگانہ میں کانگریس کی انتخابی مہم میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے بھی وقفہ وقفہ سے حصہ لے رہے ہیں۔ اے آئی سی سی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پرینکا گاندھی 24 اور 25 نومبر کو مختلف اسمبلی حلقہ جات کا دورہ کرتے ہوئے روڈ شو اور عام جلسوں سے خطاب کریں گی۔ 24 نومبر کو 12 بجے دن پالاپرتی اسمبلی حلقہ میں کانگریس امیدوار کے جلسہ سے خطاب کریں گی جبکہ ایک بجے دن حسن آباد اور 3 بجے دن کتہ گوڑم اسمبلی حلقہ جات میں روڈ شو سے خطاب ہوگا۔ کتہ گوڑم اسمبلی حلقہ میں کانگریس کی تائید سے سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ مقابلہ کررہے ہیں۔ 24 نومبر کی رات کھمم میں قیام کرتے ہوئے پرینکا گاندھی 25 نومبر کو 11 بجے دن کھمم اور پالیرو اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ دوپہر 1.30 بجے ستوپلی اور 2.30 بجے مدھیرا اسمبلی حلقہ جات میں روڈ شو سے خطاب ہوگا۔ وہاں سے سونیا گاندھی وجئے واڑہ روانہ ہوں گی اور گناورم ایرپورٹ سے نئی دہلی واپس ہوجائیں گی۔ اِسی دوران راہول گاندھی 25 نومبر کو ناندیڑ سے ضلع ہیلی کاپٹر 12 بجے دن بودھن پہونچیں گے اور کانگریس امیدوار سدرشن ریڈی کے انتخابی جلسہ سے خطاب کریں گے۔ وہاں سے بذریعہ ہیلی کاپٹر 2 بجے دن عادل آباد پہونچیں گے اور جلسہ عام سے خطاب ہوگا۔ راہول گاندھی ہیلی کاپٹر سے ویملواڑہ پہونچیں گے اور سہ پہر 4 بجے انتخابی ریالی سے خطاب کریں گے۔ انتخابی مہم کے بعد بذریعہ ہیلی کاپٹر بیگم پیٹ پہونچیں گے اور وہاں سے نئی دہلی واپس ہوجائیں گے۔